معروف فٹبالر رونالڈو کا ریٹائرمنٹ کے حوالے سے اہم اعلان

 عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اعلان کیا ہے کہ 2026 کا فیفا ورلڈ کپ ان کے کیریئر کا آخری عالمی مقابلہ ہوگا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پرتگالی اسٹار نے کہا کہ وہ آئندہ ایک سے دو سال کے دوران فٹبال سے ریٹائرمنٹ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

رونالڈو نے کہا کہ ’’اگلا ورلڈ کپ میرا آخری ہو گا، میں نے طویل عرصے تک فٹبال کو بھرپور انداز میں انجوائے کیا ہے، مگر اب وقت آ رہا ہے کہ زندگی کے اگلے مرحلے کی تیاری کی جائے۔‘‘

اس سے قبل ایک انٹرویو میں رونالڈو نے اعتراف کیا تھا کہ چالیس سال کی عمر میں اسی رفتار اور توانائی کے ساتھ کھیل جاری رکھنا ممکن نہیں۔

ان کے بقول، ’’میں 25 یا 26 سال کی عمر سے ہی ریٹائرمنٹ کے بعد کی زندگی کے لیے منصوبہ بندی کر رہا ہوں، مجھے یقین ہے کہ جب وہ وقت آئے گا تو میں اسے اعتماد کے ساتھ قبول کروں گا۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ہر کیریئر کا ایک اختتام ہوتا ہے، اور اب وہ اپنے اہلِ خانہ اور بچوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کے خواہاں ہیں۔

خیال رہے کہ سعودی عرب کے النصر کلب کی نمائندگی کرنے والے کرسٹیانو رونالڈو اب تک کلب اور ملک کی جانب سے مجموعی طور پر 952 گول اسکور کر چکے ہیں جو انہیں فٹبال کی تاریخ کے سب سے کامیاب کھلاڑیوں میں شامل کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : فیفا نے شاہین آفریدی کو عظیم فٹبال پلیئرز کے ساتھ کھڑا کردیا

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستانی کرکٹ اسٹار شاہین شاہ آفریدی کو فٹبال کے لیجنڈری کھلاڑیوں کے ساتھ ایک منفرد انداز میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

فیفا ورلڈ کپ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری کی گئی ایک پوسٹ میں شاہین آفریدی کی جرسی کو فٹبال کے عالمی ستاروں—لیونل میسی، نیمار جونیئر اور لوکا موڈرچ—کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ پوسٹ کا مرکزی نکتہ نمبر 10 جرسی ہے، جو ان تمام کھلاڑیوں کی مشترکہ علامت کے طور پر دکھائی گئی۔

Scroll to Top