پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع اللہ جان نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی میں منعقد ہونے والا خیبرپختونخوا امن جرگہ صوبائی حکومت کی ایک شاندار کامیابی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شفیع اللہ جان نے بتایا کہ وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی اور اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی اس کامیاب جرگے کے انعقاد پر سراہنے کے مستحق ہیں اور جرگے میں پیش کی گئی تجاویز صوبے میں امن کے قیام کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امن جرگے میں وزیراعلیٰ ،گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، اسپیکر بابر سلیم سواتی، اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد، سابق گورنرز، وزرائے اعلی، قبائلی مشران، مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما، صوبائی و قومی میڈیا اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی اور امن کے فروغ کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔
شفیع اللہ جان نے کہا کہ خیبرپختونخوا امن جرگہ ایک تاریخی دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا اور یہ دن صوبے کی تاریخ میں سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں امن جرگہ، حکومت اور اپوزیشن کا دہشت گردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق
یاد رہے کہ خیبر پختونخواہ کی تمام سیاسی جماعتوں نے مشترکہ امن جرگہ کامیابی کے ساتھ مکمل کیا۔
ذرائع کے مطابق جرگے میں حکومت اور تمام اپوزیشن جماعتوں نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق کیا۔
جرگے میں دہشت گردوں کی بھرپور مذمت کی گئی اور اس بات پر زور دیا گیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قانون کے دائرے میں موجود تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی کے امور میں سیاست سے بالاتر حکمت عملی اختیار کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے جرگے کی تجاویز پر حکومت من و عن عمل کرے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے سیاسی جماعتیں اور حکومت سب مل کر کام کریں گے۔
مزید برآں جرگے میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ خیبر پختونخواہ کے مسائل کے حل کے لیے موجودہ وفاقی حکومت میں شامل سیاسی رہنما صوبائی حکومت کا بھرپور ساتھ دیں گے تاکہ عوام کو بروقت اور مؤثر حل فراہم کیا جا سکے۔
جرگے کے شرکاء نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام سیاسی جماعتیں دہشت گردی اور امن و امان کے مسائل کے حوالے سے متحد رہیں گی اور صوبے کے عوام کے مفاد میں اقدامات کریں گی۔





