ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے مختلف اسکولوں کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست کا انعقاد کیا، جس میں قومی صورتحال اور افواج پاکستان کے آپریشنل امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر کانونٹ آف جیسس اینڈ میری، بیکن ہاؤس اور روٹس سکول سسٹم کے طلبہ و اساتذہ نے شرکت کی۔ پرنسپل کانونٹ جیسس اینڈ میری اسکول نے افواج پاکستان کی قربانیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
طلبہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی مسلح افواج پر فخر محسوس کرتے ہیں جو ملک کی سلامتی کے لیے اپنی جانیں قربان کرتی ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے طلبہ کو حقائق کو درست نقطہ نظر سے دیکھنے کی تلقین کی اور انہیں بتایا کہ کس طرح سے سوشل میڈیا پر پھیلنے والے پروپیگنڈا اور گمراہ کن معلومات سے بچا جا سکتا ہے۔
لیکن اس نشست میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ازلی دشمن کے تزویراتی تکبر کا مؤثر مقابلہ کیسے کیا جائے اور بطور ذمہ دار شہری ہمیں ہر ممکن طریقے سے سچائی اور حقائق پر مبنی معلومات تک رسائی رکھنی چاہیے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس طرح کے تعلیمی مکالمے طلبہ میں قومی شعور بیدار کرنے اور مسلح افواج کی قربانیوں کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔





