وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کیا، انہوں نے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
محسن نقوی نے موقع پر ڈیوٹی پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کے جذبے کو سراہا۔
اس موقع پر سری لنکا کے ہائی کمشنر فریڈ سری ویراتنے اور وزیر مملکت طلال چوہدری بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور پاکستان کا دورہ جاری رکھنے پر ان کا فرداً فرداً شکریہ ادا کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ آپ کی سیکیورٹی ہماری ذمہ داری ہے، آپ کا پاکستان میں کھیل جاری رکھنا امن کی جیت اور دہشت گردی کی شکست ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سری لنکن ٹیم نے پاکستان میں سیریز مکمل کرنے کا عزم ظاہر کر دیا
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ پورا پاکستان سری لنکن ٹیم کی محبت اور خلوص کا ہمیشہ مقروض رہے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سری لنکا کے کھلاڑیوں نے اپنے کرکٹ بورڈ سے وطن واپس جانے کی درخواست کی تھی۔
اس صورتحال پر وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سری لنکن ٹیم اور مینجمنٹ سے ملاقات کی اور انہیں مکمل سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی۔
یقین دہانی کے بعد سری لنکا کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں کو پاکستان میں سیریز جاری رکھنے کی ہدایت جاری کی۔





