ڈی جی آئی ایس پی آر کی طلبہ و اساتذہ سے اہم نشست نوجوانوں میں دفاعِ وطن اور قومی ذمہ داری کا شعور مزید اجاگر کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے ترجمان کی طلبہ و اساتذہ سے معلوماتی نشست نوجوانوں میں قومی ذمہ داری اور دفاعِ وطن کا عزم مزید مضبوط پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے دی ملینیم یونیورسل کالج اور فیوچر ورلڈ اسکول میں طلبہ و اساتذہ کے ساتھ ایک خصوصی اور معلوماتی نشست کی، جس کا مقصد نوجوانوں کو ملکی دفاع، داخلی صورتحال اور قومی ذمہ داریوں سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔
نشست کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے طلبہ سے کھل کر گفتگو کی اور انہیں پاکستان کے جغرافیائی، دفاعی اور سیکیورٹی چیلنجز کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو ملک کی مستقبل ساز قوت قرار دیتے ہوئے انہیں حقیقت پسندی، قومی یکجہتی اور ذمہ دارانہ طرزِ فکر اپنانے کی تلقین کی۔
اس موقع پر اساتذہ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے پاک افواج کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاک فوج نہ صرف ملکی سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے بلکہ قومی خودمختاری اور عوام کے تحفظ کے لیے بھی ہمیشہ مستعد رہتی ہے۔اساتذہ نے کہا کہ اس نشست نے طلبہ کو ’’روایتی سوچ سے ہٹ کر سوچنے‘‘ اور ملکی مسائل کو ایک وسیع تر تناظر میں سمجھنے کا موقع دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سیشن نے نوجوانوں کو پاکستانیّت، فعال شہریت اور سماجی ذمہ داریوں کے اصل مفہوم سے روشناس کیا، جو ان کی کردار سازی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
طلبہ نے بھی اس نشست کو نہایت معلوماتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی جدوجہد اور ملک کے دفاع میں ان کے کردار نے نوجوانوں میں عزمِ حوصلہ مزید بلند کر دیا ہے۔طلبہ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ میڈیا پر آنے والی خبروں کو بغیر تحقیق پھیلانا غیر ذمہ دارانہ عمل ہے، اور آج کی نشست کے بعد انہیں ’’ ذمہ دار شہری‘‘ ہونے کا حقیقی احساس ہوا ہے۔
یہ نشست نہ صرف طلبہ میں دفاعِ وطن کا شعور بڑھانے کا باعث بنی، بلکہ اس نے تعلیمی اداروں اور ریاستی اداروں کے درمیان مثبت رابطے کو بھی مضبوط بنایا۔





