70 سے زائد تاریخی گاڑیاں، روایتی رباب اور خٹک ڈانس کے ساتھ صوبائی دارالحکومت پشاور میں کلاسک کار شو کا انعقاد ۔
پشاور میں خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام وینٹیج کلاسک کار شو کا شاندار انعقاد ہوا، جس میں 70 سے زائد تاریخی گاڑیوں نے حصہ لیا۔ یہ گاڑیاں 1935 سے 1980 تک کی قدیم ماڈلز کی تھیں اور کراچی سے شروع ہونے والی 16ویں سالانہ ریلی کے ذریعے رحیم یار خان، لاہور اور صوابی سے ہوتی ہوئی پشاور پہنچیں۔
نمائش میں رولز روائس، کیڈیلک، مرسڈیز، شیورلیٹ، پورشی، فراری، مستانگ اور دیگر کلاسک گاڑیاں شامل تھیں، جبکہ روایتی رباب اور خٹک ڈانس نے ایونٹ کی رونق دوبالا کر دی۔
صوبائی مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اس طرح کے ایونٹس مستقل بنیادوں پر ہونے چاہیئیں، کیونکہ یہ نہ صرف مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں بلکہ خیبرپختونخوا کی خوبصورتی اور ثقافت کو بھی اجاگر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سولہ سال سے جاری یہ ایونٹ ہزاروں لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرتا رہا ہے اور ہر سال اس کی پذیرائی بڑھ رہی ہے۔
مزمل اسلم نے مزید کہا کہ ریلی کے شرکاء خیبر جانا چاہتے تھے، لیکن حالات کی عدم کلیئرنس کے باعث اجازت نہیں دی جا سکی۔ تاہم، ایسے ایونٹس وہاں بھی ہونے چاہئیں جہاں حالات بہتر بنانے کی ضرورت ہو۔
مشیر خزانہ نے پورے پاکستان کو پشاور آنے کی دعوت دی اور کہا کہ یہاں کے لوگ نہایت مہمان نواز ہیں، مقامی کھانے ملک بھر میں مشہور ہیں، جبکہ شمالی علاقہ جات میں قدرتی حسن اور گندھارا تہذیب کے اہم آثار موجود ہیں۔





