پاکستان اور اردن کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

اردن کے شاہ عبداللّٰہ دوم کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی جس میں اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

پاکستان اور اردن کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا، دونوں رہنماؤں نے غزہ جنگ بندی کے لیے 8 اسلامی ممالک کے باہمی روابط مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

وزیراعظم نے شاہ عبداللّٰہ اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے لوئر دیر میں40.8 میگاواٹ کوٹو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا افتتاح کردیا

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور اردن کے درمیان اسٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر باہمی فائدہ مند تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ بھی اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا، ملاقات میں علاقائی سلامتی، امن کے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں ممالک کے درمیان میڈیا، ثقافت، تعلیم کے شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا گیا۔

قبل ازیں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر اردن کے شاہ عبداللہ دوم اپنے دو روزہ دورہ پرآج ہفتے کے روز اسلام آباد پہنچے جہاں ہوائی اڈے پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر نے ان کا استقبال کیا۔

شاہ عبداللہ دوم کی وزیراعظم ہاؤس آمد پر ان کے اعزاز میں پروقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے اردن کے شاہ عبداللہ دوم کو گارڈ آف آنر پیش کیا،شاہ عبداللہ دوم نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے ارکان کا اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے تعارف کرایا جبکہ اردن کے شاہ نے بھی اپنے وفد کے ارکان کو وزیراعظم محمد شہباز شریف سے متعارف کرایا۔ شاہ عبداللہ دوم نے وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا۔

Scroll to Top