وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نےلوئر میں40.8 میگاواٹ کوٹو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا افتتاح کردیا۔
لوئر دیر میں دورے کے د وران سہیل آفریدی نے 21.7ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے کوٹو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے سے سالانہ 207 ملین یونٹس بجلی پیدا ہوگی جس سے 2.4ارب روپے آمدن متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخواحکومت کا دی اکانومسٹ کے خلاف عالمی فورم سے رجوع کرنے کا اعلان
تقریب سےخطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت پن بجلی وسائل کو معاشی ترقی کی بنیاد بنانے کیلئے طویل المدتی منصوبہ بندی پر کام کر رہی ہے،صاف اور سستی توانائی کے یہ منصوبے روزگار کے فروغ اور صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ صوبے کی پہلی پاور ٹرانسمیشن لائن بچھائی جا رہی ہے جو 11 ہائیڈرو منصوبوں کی بجلی کی ترسیل ممکن بنائے گی،مقامی پاور ہاؤسز سے پیدا ہونے والی بجلی صنعتوں کو رعایتی نرخوں پر فراہم کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اپنے پاور ڈسٹری بیوشن سسٹم کیلئے مکمل سپورٹ فراہم کرے گی، صوبے کے قدرتی وسائل پر پہلا حق یہاں کے عوام کا ہے۔
انہوں نے کہاکہ افسوس ہے کہ غیر ملکی انجینیئرز کے خیبر پختونخوا دورے کیلئے این او سی جاری نہیں ہو رہی ہے۔ این او سی میں تاخیر کے باعث اربوں روپے مالیت کے اہم منصوبے تاخیر کا شکار ہو رہے ہیں، یہ نقصان صرف خیبر پختونخوا کا نہیں بلکہ پورے ملک کا نقصان ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دل میں عوام کا درد ہے، ان کے شروع کردہ تمام منصوبے دیکھ کر فخر محسوس کرتا ہوں، بانی پی ٹی آئی نے منصوبے عوام کیلئے شروع کیے، یہ سوچے بغیر کہ افتتاح کے وقت حکومت کس کی ہوگی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے صوبے کے 3 ہزار ارب روپے وفاق کے ذمے واجب الادا ہیں، جو تاحال نہیں مل سکے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اپنے دورے کے دوران1.5ارب روپے کی لاگت سے 18.5 کلومیٹر تورمنگ رازگرام روڈ کا بھی افتتاح کیا۔





