مردان میں دو گاڑیوں کے درمیان شدید تصادم کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور تین شدید زخمی ہو گئے۔
حادثہ گوجر گڑھی رنگ روڈ، شکرمورو کے قریب پیش آیا جہاں بس اور ایک کار آپس میں ٹکرا گئی۔
ریسکیو 1122 کو اطلاع ملتے ہی میڈیکل اور ڈیزاسٹر ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور امدادی سرگرمیاں شروع کیں۔
زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مردان ایم ایم سی منتقل کیا گیا، جاں بحق افراد کو پوسٹ مارٹم کے لیے انزرگی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
زخمیوں کی شناخت حبیب، زوہیب اور شاہ زیب کے نام سے کی گئی ہے،حادثے میں جاں بحق دونوں افراد کی شناخت ابھی باقی ہے۔
حادثے کے حوالے سے مقامی حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور ریسکیو1122 کی ٹیمیں ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اورکزئی میں گھر پر مارٹر گولہ گرنے سے 2 افراد جاں بحق
آج دوسرے واقعے میں اپر اورکزئی کے تھانہ ڈبوری کی حدود میں ایک گھر پر مارٹر گولہ گرنے سے 2 مقامی افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب مارٹر گولہ گھر کے احاطے میں آ گرا جس کے نتیجے میں دونوں افراد موقع پر دم توڑ گئے۔
ڈی پی او شوکت علی کے مطابق مارٹر گولہ ضلع خیبر اکاخیل کی جانب سے فائر کیا گیا تھا جو آکر اپر اورکزئی کے رہائشی گھر پر گرا۔
پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے ضلع خیبر کی سنگر چیک پوسٹ پر حملہ کیا، فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔





