اورکزئی میں گھر پر مارٹر گولہ گرنے سے 2 افراد جاں بحق

اپر اورکزئی کے تھانہ ڈبوری کی حدود میں ایک گھر پر مارٹر گولہ گرنے سے 2 مقامی افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب مارٹر گولہ گھر کے احاطے میں آ گرا جس کے نتیجے میں دونوں افراد موقع پر دم توڑ گئے۔

ڈی پی او شوکت علی کے مطابق مارٹر گولہ ضلع خیبر اکاخیل کی جانب سے فائر کیا گیا تھا جو آکر اپر اورکزئی کے رہائشی گھر پر گرا۔

پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے ضلع خیبر کی سنگر چیک پوسٹ پر حملہ کیا،  فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔

دہشتگردوں کی جانب سے فائر کیا گیا مارٹر گولہ اپر اورکزئی کے علاقے میں آ گرا جس سے جانی نقصان ہوا۔

حادثے کے بعد جاں بحق افراد کے لواحقین نے شدید احتجاج شروع کر دیا اور لاشیں تھانہ ڈبوری کے سامنے رکھ کر انصاف کا مطالبہ کیا۔

لواحقین نے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندان کو معاوضہ فراہم کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: بونیر میں جائیداد کے تنازعے پر افسوسناک واقعہ

پولیس حکام کے مطابق حالات کو قابو میں رکھنے کے لیے مزید نفری علاقے میں پہنچا دی گئی ہے اور واقعے کی تفتیش جاری ہے۔

Scroll to Top