وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ججز کے استعفوں پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ کاش یہ ضمیر پہلے جاگ جاتے۔
لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ حلفاً کہہ سکتی ہیں کہ نہ انہوں نے کبھی کسی سے انتقام لیا اور نہ ہی نواز شریف نے کسی سے انتقام لیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ حالیہ ججز کے استعفوں پر وہ زیادہ بات نہیں کرنا چاہتیں تاہم چند سوالات اپنی جگہ موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کاش ان ججز کے ضمیر اُس وقت جاگ جاتے جب نواز شریف، مجھے اور دیگر لوگوں کو غلط سزائیں سنائی گئیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ہم نے استعفے دینے والے ججز کے ضمیر کے نہ جاگنے کا چھ سال تک خمیازہ بھگتا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے مزید کہا کہ اب جو ضمیر جاگے ہیں وہ سیاسی معلوم ہوتے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ان کے خاندان نے ہمیشہ قانون اور عدالتوں کا سامنا کیا اور کبھی بھی سیاسی انتقام کی سوچ نہ رکھی۔
یہ بھی پڑھیں: پارلیمنٹ کو ترمیم کا حق ہے، اگر مزید ترمیم کی ضرورت پڑی تو کرینگے، ججز کے استعفے سیاسی ہیں، طلال چودھری
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس توقع کا اظہار کیا کہ مستقبل میں عدالتی نظام میں ایسی اصلاحات ہوں گی کہ کسی کو بھی ناانصافی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے بھی کہا ہے کہ ججز سیاسی پارٹی نہیں ہوتے، ججز کہیں کہ آئین میں تبدیلی ہوگی تو وہ نہیں رہیں گے۔
انہوں نے کہا آئین پارلیمنٹ اور لوگوں کی مرضی کا ہوگا ججز کی تنخواہوں سے لے کر ایک ایک فیصلہ پارلیمنٹ کرتی ہے یہ سیاسی استعفے ہیں ان کے استعفے بھی سیاسی رہے ہیں، یہ بہت جانبدار رہے ہیں۔





