شمالی وزیرستان میں دو روزہ کرفیو، تمام راستے بند

شمالی وزیرستان کی ضلعی انتظامیہ نے علاقے میں امن و امان اور سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر آئندہ دو دن کے لیے کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق کرفیو 17 نومبر بروز پیر صبح 5 بجے سے شروع ہو کر 18 نومبر بروز منگل شام تک جاری رہے گا۔

ضلعی انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق ان دو دنوں کے دوران ہر قسم کی عوامی آمد و رفت پر مکمل پابندی ہوگی اور علاقے کی تمام بڑی سڑکیں اور ذیلی راستے بند رہیں گے۔

جاری اعلامیے کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور مجاز حکام کو چھوڑ کر کسی بھی شخص یا گاڑی کو نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔

انتظامیہ نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی تمام ضروریات پہلے سے مکمل کر لیں اور کرفیو کے دوران گھروں میں رہیں۔

کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر کے مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ ، شہریوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں ممکنہ آپریشن یا حساس نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ حکومتی احکامات کی پاسداری کرتے ہوئے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

Scroll to Top