ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے امریکا میں مکمل فنڈڈ پی ایچ ڈی اسکالرشپس پروگرام کا آغاز کردیا۔
اس پروگرام کے تحت یو ایس پاکستان نالج کوریڈور کے ذریعے 100 امریکی یونیورسٹیوں میں اسکالرشپس دستیاب ہوں گی۔
پروگرام میں ٹاپ 50 یونیورسٹیوں کے لیے منتخب طلبہ کو مکمل ٹیوشن فیس، ماہانہ اسٹائپنڈ اور ہیلتھ انشورنس فراہم کی جائے گی۔رینک 51 سے 100 یونیورسٹیوں کے طلبہ کے لیے سالانہ 12,000 ڈالر ٹیوشن سپورٹ دی جائے گی۔
پاکستانی طلبہ امریکہ کی اعلیٰ معیار کی جامعات میں پی ایچ ڈی کر سکیں گے اور انہیں تحقیق کے بہترین مواقع بھی میسر ہوں گے۔درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 اپریل 2026 مقرر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :پشاور، 347 طلبہ میں 64 ملین روپے کی اسکالرشپس تقسیم
وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے 347 طلبہ میں 64 ملین روپے مالیت کے سکالرشپس تقسیم کیے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں منعقدہ تقریب میں وزیر اعلیٰ نے خیبر پختونخوا ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے لیے اضافی 300 ملین روپے فنڈز کا بھی اعلان کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ طلبہ ملک اور صوبے کا مستقبل ہیں اور ان میں سرمایہ کاری کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی نظام میں مارکیٹ سے ہم آہنگ مضامین متعارف کروائے جا رہے ہیں تاکہ طلبہ فارغ التحصیل ہونے کے بعد نہ صرف نوکری حاصل کریں بلکہ خود روزگار پیدا کرنے کے قابل بھی بنیں۔
وزیر اعلیٰ نے انٹرنشپ پروگرام کے آغاز کا بھی اعلان کیا تاکہ طلبہ تعلیمی اختتام پر بے روزگار نہ رہیں اور عملی تجربہ حاصل کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام پالیسیاں عوام کے مفاد کے لیے ہوں گی اور حکومت بہتر گورننس فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
تقریب میں صوبائی وزیر مینا خان آفریدی، محکمہ اعلیٰ تعلیم کے حکام، جامعات کے سربراہان اور طلبہ نے بھی شرکت کی۔





