چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت سے جنگ کے بعد پاکستان نے اپنے اسٹینڈرڈ کو واضح طور پر دنیا کے سامنے رکھا ہے، جبکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اپنی ناکامیوں سے دنیا سے منہ چھپا رہے ہیں۔
مظفرآباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ جب نمائندہ اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر سکتا تو عوام کو خود جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔ انہوں نے کشمیر کے عوام کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ مظفرآباد میں عوام کے نمائندے کے طور پر فیصل راٹھور نے عوام سے کیے گئے وعدوں کو مکمل کرنے کی ذمہ داری لی ہے۔ بلاول بھٹو نے زور دیا کہ آزاد کشمیر کی حکومت کو بند کمروں میں بیٹھ کر نہیں چلایا جائے گا بلکہ عوامی مسائل کو ترجیح دی جائے گی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈال کر عمران خان کو اقتدار دیا گیا تھا، لیکن آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام نے کبھی مایوس نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں سیاسی شعور کی سطح بہت بلند ہے اور یہ دنیا کے دیگر خطوں میں نہیں ملتی۔
بلاول بھٹو نے بھارت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان اور کشمیری عوام کے بھائی چارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کی حکومت نے نہ صرف جنگیں ہاری ہیں بلکہ اب سازشوں میں بھی ناکام ہوگی۔ ان کے مطابق، امریکا اور دیگر عالمی فورمز بھارت کو یاد دلائیں گے کہ اس کی ناکامی واضح ہو چکی ہے، جیسا کہ 7 بھارتی جہاز گرنے کے واقعے نے ثابت کیا۔
چیئرمین پی پی نے کہا’’مودی سرکار یہ سمجھ لے کہ پاکستان اور کشمیری عوام کے حوصلے سے کبھی بھی کمزوری نہیں ہو سکتی، اور دنیا کے کسی فورم سے بھاگ کر وہ اپنے اقدامات کو چھپا نہیں سکتے۔‘‘





