خواجہ آصف تاریخی حقائق سے نابلد ہیں، غزنوی بیان پر بیرسٹر سیف کا ردعمل

خواجہ آصف کے محمود غزنوی بیان پررہنما پی ٹی آئی بیرسٹر سیف کا سخت ردعمل، تاریخی نابلدی پر تنقید۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر محمد علی سیف نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے حالیہ بیان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بیانات تاریخی حقائق سے نابلدی اور غیر سنجیدگی کا مظہر ہیں۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ خواجہ آصف ’’شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار‘‘ بننے کی کوشش میں ایسے بے تکی بیانات دے رہے ہیں جو حقیقت سے دور ہیں۔ ان کے مطابق محمود غزنوی سے متعلق خواجہ آصف کا حالیہ بیان ظاہر کرتا ہے کہ وہ تاریخ کے بارے میں مکمل لاعلم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواجہ آصف شاید یہ بھی نہیں سمجھتے کہ پاکستان کے دفاعی نظام میں ایک اہم میزائل کا نام بھی ’’غزنوی‘‘ رکھا گیا ہے، جو ملک کی عسکری اور تاریخی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ خواجہ آصف کے منہ سے کبھی بھی شائستہ یا مثبت بات کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ ان کے بقول، وزیر دفاع غیر سنجیدہ شخص ہیں اور کسی اہم قومی عہدے کے اہل نہیں ہیں۔

سیاسی حلقوں میں بیرسٹر سیف کا یہ بیان ایک نئے تنازعے کی شکل اختیار کر چکا ہے، اور خواجہ آصف کی جانب سے اس ردعمل پر کوئی بیان ابھی تک سامنے نہیں آیا۔ اس معاملے نے نہ صرف سیاسی محاذ پر کشیدگی بڑھا دی ہے بلکہ ملکی تاریخ اور عسکری اہمیت کے حوالے سے بھی بحث کو جنم دیا ہے۔

Scroll to Top