کوہاٹ۔ پاک فوج کے زیراہتمام ضم اضلاع( سابقہ فاٹا) کی ٹیموں کے درمیان شوٹنگ گالا کی رنگا رنگ اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
شوٹنگ گالا میں 11 ٹیموں کے کل 67 شوٹرز نے حصہ لیا۔ انہوں نے ایس ایم جی، پستول، بولٹ ایکشن اور اسکیٹ شوٹنگ مقابلوں میں حصہ لیا۔
اختتامی تقریب میں خٹک رقص، رسہ کشی، خیمہ بازی، تیر اندازی اور قومی نغموں نے حاضرین کو محظوظ کیا۔ اختتامی تقریب سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔
ضلع اورکزئی سے تعلق رکھنے والے جنید اقبال نے پستول کے مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ اسکیٹ شوٹنگ میں شعیب خان (بنوں) نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
ایس ایم جی میں خیبر سے تعلق رکھنے والے حضرت علی نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ بولٹ ایکشن میں جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے احمد خان نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ خیبر کی ٹیم کو چیمپیئن قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کو ہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے ایک تاریخی سنگ میل عبور کرلیا
جنرل آفیسر کمانڈنگ کوہاٹ میجر جنرل ذوالفقار علی بھٹی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پر پاک فوج کے سازوسامان اور استعمال شدہ ہتھیاروں کے اسٹالز بھی لگائے گئے تھے جو شرکاء کی بڑی تعداد کو اپنی جانب متوجہ کرتے رہے۔
تقریب میں شرکت نے پاک فوج کے زیر استعمال اسلحے کے سٹالز میں خصوصی دلچسپی لی۔
شرکاء نے شوٹنگ گالا کے انعقاد پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور اس تقریب کو شوٹنگ ٹیلنٹ ہنٹ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
تقریب میں شریک ایک طالب علم نے کہا کہ ہمیں اپنی پاکستانی افواج پر فخر ہے جن کی لازوال قربانیوں نے امن کو ممکن بنایا۔
طلباء نے کہا کہ پاک فوج ملک کے دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار ہے اور پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔