آئی سی سی ون ڈے ریننگ جاری، اسپنر ابرار احمدنے بڑی کامیابی حاصل کرلی

 انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے بیٹرز، بولرز اور آل راؤنڈرز کی تازہ رینکنگ جاری کر دی ہےجس میں اسپنر ابرار احمد پہلی بار ٹاپ 10 میں شامل ہوگئے ۔

بیٹرز کی رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل دو درجے بہتری کے ساتھ پہلی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ بھارتی کپتان روہت شرما ایک درجہ نیچے سرک کر دوسرے نمبر پر آ گئے۔ افغانستان کے نوجوان بیٹر ابراہیم زدران بھی ایک درجہ کمی کے بعد تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں ڈینگی کا ایک اور مریض چل بسا،تعداد 4ہوگئی

پاکستانی بیٹرز میں سابق کپتان بابر اعظم نے ایک درجہ ترقی پاتے ہوئے چھٹی پوزیشن اپنے نام کر لی۔ سلمان علی آغا 17ویں نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان پانچ درجے ترقی کے بعد 23ویں نمبر تک پہنچ گئے۔

قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے بھی پانچ درجے بہتری حاصل کر کے 26ویں نمبر پر جگہ بنالی، جبکہ صائم ایوب تین درجے کمی کے ساتھ 39ویں پوزیشن پر چلے گئے۔

بولرز کی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان بدستور پہلے نمبر کے حامل ہیں۔ انگلینڈ کے جوفرا آرچر دوسرے جبکہ جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج تیسرے نمبر پر ہیں۔

پاکستانی بولرز میں اسپنر ابرار احمد نے 11 درجے بہتری کے بعد ٹاپ ٹین میں جگہ بناتے ہوئے نویں نمبر پر قبضہ جما لیا۔ کپتان شاہین شاہ آفریدی پانچ درجے تنزلی کے بعد 21ویں نمبر پر آ گئے جبکہ حارث رؤف پانچ درجے ترقی کے بعد 23ویں مقام پر پہنچ گئے۔

آل راؤنڈرز رینکنگ میں افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی پہلے نمبر پر ہیں، زمبابوے کے سکندر رضا دوسرے جبکہ افغانستان کے محمد نبی تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

پاکستان کے آل راؤنڈر سلمان علی آغا تین درجے تنزلی کے بعد 14ویں نمبر تک گر گئے، جبکہ صائم ایوب بھی ایک درجہ نیچے آتے ہوئے 38ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

Scroll to Top