پشاور(محمداعجازآفریدی) ضلعی انتظامیہ پشاور نے صوبائی مینجمنٹ سروس اور اسسٹنٹ ایکسائز و ٹیکسیشن افسران کی بھرتیوں کے امتحانات کے دوران ا متحانی مراکز کے قریب دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
یہ پابندی20 نومبر سے 4 دسمبر2025 ءتک تمام امتحانی مراکز کے اطراف نافذ رہے گی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے اس سلسلے میں حکم نامہ جاری کردیا۔
ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پبلک سروس کمیشن کے امتحانات کے دوران ہجوم، غیر ضروری اجتماعات اور شور شرابہ امتحانی ماحول کو متاثر کر سکتے ہیں، جس سے نقل یا دیگر بے ضابطگیوں کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، اس لئے امتحانی مراکز کے دو سو میٹر کے اندراس قسم کے سرگرمیوں پر دفعہ 144 نافذ کیا گیاہے ۔
حکم نامے کے مطابق امتحانی مرکز کے قریب صرف امیدوار، مجاز عملہ اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو آنے کی اجازت ہوگی جبکہ والدین، سرپرست یا غیر متعلقہ افراد کو گیٹ تک آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اس کے علاوہ اسلحہ یا کسی بھی قسم کی ممنوعہ یا نقصان دہ چیز کولے کر امتحانی مراکز کے قریب جانے پر پابندی ہوگی۔
حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 کے تحت کارروائی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور بورڈ میں اختیارات کی کشمکش، امتحانات کی نگرانی کمپیوٹر آپریٹر کے حوالے
پشاور تعلیمی بورڈ میں اعلی حکام کے درمیان اختیارات کی جنگ کھل کر سامنے آگئی ہے۔
امتحانات کی نگرانی اور امتحانی عملے کی تعیناتی کے اختیارات سیکریٹری بورڈ سے واپس لے لیے گئے ہیں جس کے بعد بورڈ میں انتظامی کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق امتحانی ڈیوٹیوں کی تقرری اور امتحانات کے دوران انسپیکشن کے اختیارات اب کمپیوٹر آپریٹر بورڈ کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔ اس فیصلے کے بعد امتحانات سے متعلق تمام انتظامی و نگرانی امور ایک ہی عہدیدار کے ماتحت آ گئے ہیں۔





