ہیکرز کا مختلف براوزر ایکسٹینشنز پر سائبر حملوں کا انکشاف، نیشنل ٹیلی کمیونی کیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکیورٹی بورڈ کی ایڈوائزری جاری
پاکستان کی نیشنل ٹیکنالوجی انٹرنیٹ سیکیورٹی بورڈ (این ٹی آئی ایس بی) نے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہیکرز کی جانب سے 16 مشہور براوزر ایکسٹینشنز کو ہیک کیا گیا ہے، جن میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹولز اور وی پی این ایکسٹینشنز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق متاثرہ ایکسٹینشنز میں چیٹ جی پی ٹی، چیٹ جی پی ٹی فور، بارڈ اے آئی، وی پی این سٹی، انٹرنیکسٹ وی پی این، فلیکس ویڈیو ریکاڈر، بل مارکنگ، وائس سروسز، ریڈنگ موڈز اور آٹومیشن ٹولز شامل ہیں۔ ان میں سے کچھ ایکسٹینشنز صارفین کے ذاتی معلومات تک رسائی حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس سے ان کی سیکیورٹی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں برطانیہ کی لیبر پارٹی نے واٹس ایپ گروپ پر 11 کونسلرز معطل کر دیے
این ٹی آئی ایس بی نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ صرف قابل اعتماد اور مستند ایکسٹینشنز ہی انسٹال کریں اور کسی بھی ایکسٹینشن کو انسٹال کرنے سے پہلے اس کے اختیارات اور ریٹنگز کا بغور جائزہ لیں۔ متاثرہ ایکسٹینشنز کے استعمال سے گریز کریں اور ان کا متبادل تلاش کریں۔
اس کے علاوہ، ایڈوائزری میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ صارفین اپنے براوزر ایکسٹینشنز کی اجازتوں کو محدود کریں، ان کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کریں اور غیر ضروری ایکسٹینشنز کو ہٹا دیں۔ مزید یہ کہ، صارفین کو مستند اور لائسنس یافتہ اینٹی وائرس سافٹ ویئر نصب کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ سیکیورٹی خطرات سے بچا جا سکے۔
این ٹی آئی ایس بی نے خاص طور پر مفت ایکسٹینشنز انسٹال کرتے وقت احتیاط برتنے کی تاکید کی ہے، کیونکہ ہیکرز مفت سروسز کے ذریعے اپنے مقاصد کے لیے زیادہ آسانی سے حملہ کر سکتے ہیں۔