خیبر پختونخوا وفاق کے بغیر نہیں چل سکتا، سہیل آفریدی تعاون کریں، گورنر فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین کا مسئلہ سیاسی نہیں انسانی ہے، دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمت عملی ضروری ہے

تفصیلات کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو چاہیے کہ وہ وفاقی حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا کی ترقی، امن اور انتظامی امور وفاق کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی حکومت کو دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں وفاقی اداروں کا ساتھ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ایک مشترکہ جدوجہد ہے، جس میں صوبہ اور وفاق دونوں کا کردار نہایت اہم ہے۔

افغان مہاجرین کے معاملے پر سیاست کی جا رہی ہے، گورنرگورنر خیبر پختونخوا نے افغان مہاجرین کے حوالے سے بھی صوبائی حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ اس مسئلے کو غیر ضروری طور پر سیاسی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر افغانستان میں واقعی امن قائم ہو چکا ہے تو افغان باشندوں کو اپنے وطن واپس جانا چاہیے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بارہا واضح کیا گیا ہے کہ مہاجرین کی واپسی بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کے تقاضوں کے مطابق ہوگی، اس لیے صوبائی حکومت کو اس حساس مسئلے کو تنازعہ بنانے کے بجائے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

وفاق اور صوبے کے درمیان ہم آہنگی لازمی گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کو درپیش سیکورٹی چیلنجوں کے پیش نظر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور تعاون ناگزیر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ صوبے کی تعمیر و ترقی، امن و امان کی بحالی اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے وفاقی اداروں کے ساتھ مشترکہ اقدامات کئے بغیر کوئی پیش رفت ممکن نہیں۔

گورنر کے پی نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پر زور دیا کہ وہ اس صورتحال کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے اپنی پالیسیوں اور اقدامات کو قومی مفاد کے تابع رکھیں اور سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون یقینی بنائیں۔

Scroll to Top