ملک کے 13 حلقوں میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کا عمل جاری

قومی و صوبائی نشستوں پر ضمنی الیکشن،اڑھائی ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز، پاک فوج و پولیس تعینات ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں آج 13 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ قومی اسمبلی کے 6 اور پنجاب اسمبلی کے 7 حلقوں میں صبح 8 بجتے ہی پولنگ کا باقاعدہ آغاز ہوا، جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ ملک بھر کے ووٹرز اپنے قریبی پولنگ اسٹیشنز میں جا کر اپنا آئینی حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔

سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات ضمنی الیکشن کے لیے مجموعی طور پر 2792 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 792 حساس جبکہ 408 انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔پولنگ کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کو کوئیک ری ایکشن فورس کے طور پر تعینات کیا گیا ہے جبکہ 20 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار بھی سیکیورٹی ڈیوٹی پر موجود ہیں۔انتظامیہ کے مطابق تمام حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات ہے اور پولنگ اسٹیشنز کی نگرانی کے لیے کیمرے، کنٹرول رومز اور خصوصی مانیٹرنگ یونٹس بھی فعال ہیں۔

105 امیدوار میدان میں سیاسی سرگرمیاں عروج پرضمنی الیکشن میں مختلف سیاسی جماعتوں کے 23 امیدوار جبکہ 82 آزاد امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔پولنگ ہری پور، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا، میانوالی اور مظفرگڑھ کے خالی ہونے والے حلقوں میں جاری ہے۔

فیصل آباد میں کانٹے دار مقابلے کی پیش گوئی فیصل آباد کے دو حلقوں پی پی 115 اور پی پی 116 میں سخت مقابلے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے:پی پی 115: مسلم لیگ (ن) کے طاہر جمیل اور آزاد امیدوار ملک اصغر آمنے سامنے ہیں۔پی پی 116: ن لیگ کے رانا شہریار اور آزاد امیدوار ملک اصغر علی قیصر کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ہے۔مقامی عوام کے مطابق ان حلقوں کے اہم مسائل میں تجاوزات، منشیات فروشی، لین دین کے تنازعات اور امن و امان کے واقعات شامل ہیں، جنہیں امیدوار اپنی انتخابی مہم میں بھرپور انداز میں اٹھاتے رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن: شفافیت اولین ترجیح سیکرٹری الیکشن کمیشن اور آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں شفافیت، غیر جانبداری اور پرامن ماحول یقینی بنانا ان کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی، چاہے وہ کسی بھی جماعت یا گروہ سے تعلق رکھتے ہوں۔

ووٹنگ کے لیے ووٹرز کی آمد جاری ابتدائی اطلاعات کے مطابق مختلف حلقوں میں ووٹرز کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور لوگوں میں انتخابی جوش و جذبہ دکھائی دیتا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق اب تک پولنگ کا عمل مجموعی طور پر پرامن ہے۔

Scroll to Top