مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی، ایک ماہ تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان

مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی، ایک ماہ تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان

بلوچستان میں بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی، ایک مہینے تک وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان

محکمہ موسمیات نے صوبے کے خشک سالی کے شکار علاقوں کے لیے خوشخبری سنادی ہے، اور دسمبر میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ بارشیں وقفے وقفے سے ایک مہینے تک جاری رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ 6 سے 10 دسمبر کے دوران بلوچستان میں داخل ہوگا، جس کے بعد بارشوں کا پہلا بھرپور اور طویل مرحلہ شروع ہو جائے گا۔ اس موسمی سرگرمی سے صوبے کے مختلف علاقوں میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔

بارشوں سے ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، سبی، لسبیلہ، آواران، کیچ، گوادر، پنجگور، خضدار، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، واشک اور مستونگ سمیت بڑے قحط زدہ اضلاع میں پانی کی فراہمی اور زرعی سرگرمیوں میں بہتری آئے گی۔ کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سال شمال مغربی ہوائیں معمول سے زیادہ فعال ہیں اور عرب سمندر سے آنے والی نمی بلوچستان کی جانب مسلسل رخ کر رہی ہے۔ یہی موسمی عوامل بارشوں کے طویل سلسلے اور زیر زمین پانی اور ڈیموں کے ذخائر میں خوشگوار اضافے کا سبب بنیں گے۔

بلوچستان کے مقامی باشندے اس بارش کے سلسلے کے لیے پرجوش ہیں اور امید ظاہر کر رہے ہیں کہ اس کے نتیجے میں خشک سالی کے اثرات کم ہوں گے اور زرعی پیداوار بہتر ہوگی۔

Scroll to Top