بالی وڈ کے لیجنڈ اداکار دھرمیندر 89 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

بالی وڈ کے لیجنڈ اداکار دھرمیندر 89 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

بالی وڈ کی فلمی دنیا ایک عظیم شخصیت سے محروم ہو گئی ہے، جب 89 سالہ لیجنڈری اداکار دھرمیندر نے پیر کے روز ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں آخری سانسیں لیں۔ دھرمیندر کی موت کی خبر نے فلمی حلقوں اور مداحوں کو غم میں مبتلا کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دھرمیندر کی رہائش گاہ کے باہر متعدد بالی وڈ اداکار اور ان کے اہلخانہ سفید لباس میں دکھائی دیے، جو ان کے انتقال پر خراجِ عقیدت پیش کر رہے تھے۔ معروف فلم ساز کرن جوہر نے بھی انسٹاگرام پر دھرمیندر کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے انہیں یادگار خراجِ تحسین پیش کیا۔

رپورٹس کے مطابق، دھرمیندر کو دو ہفتے قبل سانس لینے میں دشواری کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جبکہ رواں سال اپریل میں ان کی آنکھ کی سرجری بھی ہوئی تھی۔ دھرمیندر نے اپنی آخری اداکاری فلم اکیس میں کی، جو 25 دسمبر کو ریلیز ہونے والی ہے۔

دھرمیندر نے 1960 میں فلمدل بھی تیرا ہم بھی تیرے سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور چھ دہائیوں پر محیط کیریئر میں انہوں نے کئی ہٹ اور ایوارڈ یافتہ فلموں میں کام کیا جن میں شعلے، یادوں کی بارات، میرا گاؤں میرا دیش، نوکر بیوی کا، پھول اور پت شامل ہیں۔ ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں انہیں 2012 میں حکومت ہند کی جانب سے تیسرے سب سے بڑے شہری اعزاز پدم بھوشن سے نوازا گیا

دھرمیندر کا اصل نام کرشن دیول تھا اور وہ پنجاب کے لدھیانہ کے ایک گاؤں میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1954 میں اداکارہ پرکاش کور سے شادی کی، بعد ازاں مشہور اداکارہ ہیما مالنی سے محبت کے بعد ان سے شادی کی۔

89 سال کی عمر میں بھی دھرمیندر سوشل میڈیا پر سرگرم رہے۔ وہ اکثر اپنی ویڈیوز میں صحت مند زندگی کے مشورے دیتے، ٹریکٹر چلاتے، اپنے فارم کی دیکھ بھال کرتے اور مداحوں کو سادہ زندگی کے اسباق سکھاتے نظر آتے۔

دھرمیندر کی موت نہ صرف بالی وڈ بلکہ ان کے لاکھوں مداحوں کے لیے بھی ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ ان کی شاندار اداکاری، شاندار شخصیت اور سادہ زندگی کے اصول ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

Scroll to Top