اسلام آباد: موٹروے ایم ون شدید دھند کی لپیٹ میں آگئی، جس کے باعث حدِ نگاہ چند میٹر تک محدود ہوگئی ہے۔
خراب موسم کے پیشِ نظر پشاور ٹول پلازہ سے صوابی تک موٹروے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے باعث سڑک پر گاڑیوں کو بروقت نہ دیکھ پانا بڑا سبب بنتا ہے، جو حادثات کے امکانات کو کئی گنا بڑھا دیتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریفک کی عارضی بندش ناگزیر تھی۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ شدید دھند میں ڈرائیونگ نہایت خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، خاص طور پر جب حدِ نگاہ انتہائی کم ہو۔
ترجمان کے مطابق دھند چھٹتے ہی اور حدِ نگاہ بہتر ہوتے ہی ٹریفک کو مرحلہ وار بحال کردیا جائے گا۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، جبکہ سفر لازمی ہو تو فوگ لائٹس کا استعمال کریں، رفتار کم رکھیں اور محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں۔
موٹروے پولیس نے مزید کہا کہ شہری ٹریفک کی تازہ صورتحال جاننے کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں اور جاری کردہ ایڈوائزری پر عمل کریں۔
یہ بھی پڑھیں : موٹر وے ایم ون پر رات گئے افسوسناک واقعہ، چار افراد جاں بحق، متعدد زخمی
یاد رہے کہ گزشتہ رات بھی موٹر وے ایم ون پر ہنڈ کے مقام پر تیز رفتار کار حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق اور سات شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں دو خواتین اور دو مرد شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں تین مرد اور چار خواتین ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور کار میں پھنسے زخمی افراد کو نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
تمام زخمیوں کو باچا خان اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
موٹر وے پولیس کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ ڈرائیور کی نیند آ جانا تھی، جس کے باعث کار قابو سے باہر ہو گئی۔
پولیس اور ریسکیو حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ تیز رفتاری اور تھکن میں ڈرائیونگ سے گریز کریں تاکہ ایسے المناک حادثات سے بچا جا سکے۔





