پشاور: موٹر وے ایم ون پر ہنڈ کے مقام پر تیز رفتار کار حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق اور سات شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں دو خواتین اور دو مرد شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں تین مرد اور چار خواتین ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور کار میں پھنسے زخمی افراد کو نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
تمام زخمیوں کو باچا خان اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
موٹر وے پولیس کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ ڈرائیور کی نیند آ جانا تھی، جس کے باعث کار قابو سے باہر ہو گئی۔
پولیس اور ریسکیو حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ تیز رفتاری اور تھکن میں ڈرائیونگ سے گریز کریں تاکہ ایسے المناک حادثات سے بچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : شدید دھند کے باعث پشاور ٹول پلازہ سے رشکئی انٹرچینج تک موٹروے ایم ون بند
موٹروے پولیس کے مطابق دھند کی شدت کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے، جس سے حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ گاڑی میں سیٹ بیلٹ کا استعمال کریں، موبائل فون پر توجہ مرکوز کریں اور اچانک بریک لگانے سے گریز کریں۔
سفر سے قبل موٹروے پولیس کے افیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے بھی تازہ ترین صورتحال کی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ دھند کے خاتمے کے بعد موٹروے کی ٹریفک کو مرحلہ وار کھولا جائے گا اور شہریوں کی محفوظ آمد و رفت یقینی بنائی جائے گی۔
اضافی احتیاطی تدابیر کے طور پر موٹروے پولیس نے ہائی ویز پر فاصلہ برقرار رکھنے، رات کے وقت سفر کرنے سے گریز، اور ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کی ہدایت کی ہے تاکہ دھند کے دوران ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے۔





