پاکستان میں آسٹریلین ہائی کمیشن نے ویزا سہولت مزید آسان بنا دی ہے جس کے بعد پاکستانی شہری گھر بیٹھے موبائل فون کے ذریعے ویزا درخواست کے اہم مراحل مکمل کر سکیں گے۔
سفارت خانے کے مطابق ایک نئی ایپ کی دستیابی سے آسٹریلیا کا ویزا حاصل کرنے کا عمل پہلے کے مقابلے میں زیادہ سہل ہو گیا ہے، کیونکہ اب بائیومیٹرک سینٹر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ وہ افراد جو پہلے اپنی بائیومیٹرکس آسٹریلوی حکام کو فراہم کر چکے ہیں اور جن کے پاسپورٹ درست ہیں، وہ اس ایپ کے ذریعے اپنے پاسپورٹ کی معلومات اور چہرے کی تصویر براہِ راست موبائل فون سے اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔ اس سہولت سے نہ صرف وقت بچے گا بلکہ درخواست گزاروں کو اضافی اخراجات سے بھی نجات ملے گی۔
پاکستان میں تعینات آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ٹموتھی کین کا کہنا ہے کہ اس ایپ کے آغاز سے پاکستانی طلبہ، مسافروں اور ورک ویزا کے خواہشمند افراد کے لیے پوری ویزا پراسیسنگ مزید تیز اور آسان ہو گئی ہے۔
ان کے مطابق ہزاروں افراد ایشیا اور بحرالکاہل کے ممالک میں پہلے ہی اس سہولت سے فائدہ اٹھا چکے ہیں، اور اب پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہو گیا ہے جہاں یہ ایپ باقاعدہ طور پر فعال ہے۔
یہ ایپ 2024 میں متعارف کرائی گئی تھی اور اب تک 34 ممالک میں دستیاب ہے، جبکہ اسے مشرقِ وسطیٰ، افریقا، لاطینی امریکا اور یورپ کے متعدد ممالک تک بھی توسیع دی جا چکی ہے۔
آسٹریلین حکام کا کہنا ہے کہ ویزا سسٹم کو عالمی سطح پر جدید خطوط پر استوار کرنے کا عمل جاری ہے اور 2026 کے اوائل تک یہ ایپ مکمل طور پر دنیا بھر میں فعال ہو جائے گی۔
ہائی کمشنر نے پاکستانی شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ اگر وہ اہلیت کے معیار پر پورا اترتے ہیں تو اس ایپ کا استعمال ضرور کریں، کیونکہ یہ محفوظ، تیز اور آسان ہونے کے ساتھ ساتھ ویزا حاصل کرنے کے عمل کو نمایاں طور پر سہل بنا دیتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں 51 نئے میڈیکل آفیسرز کی تقرریاں





