وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نےکہا ہے کہ پشاور میں 26 نومبر کی یاد میں خصوصی تقریب، وزیر اعلیٰ اور پارٹی قیادت شہید کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرینگے
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ سال 26 نومبر کو شہید ہونے والے پارٹی کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج پشاور میں خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور پارٹی قیادت بھی شریک ہوں گے۔
شفیع جان نے بتایا کہ اس تقریب میں 26 نومبر کو پرامن احتجاج کے دوران شہید ہونے والے کارکنوں کی قربانیوں کو یاد کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے 26 نومبر کو پی ٹی آئی کے پرامن ریلی کے شرکاء پر بدترین ظلم و جبر کیا، اور اسلام آباد میں اس دن نہتے کارکنوں پر سیدھی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں کئی کارکن شہید اور زخمی ہوئے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ہمیشہ آئین و قانون کے مطابق پرامن سیاسی احتجاج کرتی رہی ہے اور جمہوریت میں تمام سیاسی جماعتوں کو احتجاج کا آئینی اور قانونی حق حاصل ہے۔ شفیع جان نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ جماعتیں نام نہاد جمہوری ہیں اور خوف کے ماحول میں پرامن سیاسی احتجاج کی اجازت بھی نہیں دیتیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کی تقریب میں شہید کارکنوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا تاکہ ملک میں جمہوریت اور سیاسی شعور کو فروغ دیا جا سکے۔ تقریب میں شریک افراد کو پارٹی قیادت کے ساتھ ساتھ عوام کی بڑی تعداد کی شرکت کی توقع ہے۔





