شیراز احمد شیرازی
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے رہنما فرخ کھوکھر کو پولیس نے غیر لائسنس یافتہ اسلحہ رکھنے کے الزام میں حراست میں لے لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے انہیں زیرو پوائنٹ پر قائم ناکے سے گرفتار کیا، جہاں معمول کی چیکنگ کے دوران مبینہ طور پر ان کے قبضے سے بغیر لائسنس اسلحہ برآمد ہوا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فرخ کھوکھر کو گرفتاری کے بعد تھانہ آبپارہ منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں ان سے ابتدائی تفتیش کی جائے گی۔
حکام کے مطابق مزید قانونی کارروائی تفتیش مکمل ہونے کے بعد عمل میں لائی جائے گی۔پولیس نے واقعے سے متعلق سرکاری بیان تاحال جاری نہیں کیا، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ضبط کیے گئے اسلحے اور متعلقہ دستاویزات کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب جے یو آئی کی طرف سے بھی فرح کھوکھرکی گرفتاری پر کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ فرخ کھوکھر نےرواں سال 18 جولائی کو مولانا فضل الرحمان کی ڈیرہ تاجی کھوکھر آمد کے موقع پر جے یو آئی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔
فرخ کھوکھرکا تعلق سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نواز کھوکھر اور سابق سینیٹر اور بلاول بھٹو زرداری کے سابق ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر کے خاندان سے ہے۔وہ نواز کھوکھر کے بھتیجے، مصطفیٰ نواز کھوکھر کے چچا زاد بھائی اور امتیاز کھوکھر المعروف تاجی کھوکھر کے صاحبزادے ہیں۔





