الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات میں ووٹرزٹرن آؤٹ کی رپورٹ جاری کردی

الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کی چھ اور پنجاب اسمبلی کی سات نشستوں پر مجموعی ووٹر ٹرن آؤٹ 28.58 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : پی ڈی ایم اے نے سموگ کے حوالے سے انتباہ جاری کر دیا

قومی اسمبلی کے حلقوں میں این اے 18 ہری پور میں ٹرن آؤٹ 50.82 فیصد رہا۔ این اے 185 ڈیرہ غازی خان میں 32.61 فیصد، این اے 96 فیصل آباد میں 26.46 فیصد، جبکہ این اے 143 ساہیوال میں 21.43 فیصد ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ این اے 129 لاہور میں ٹرن آؤٹ 18.67 فیصد اور این اے 104 فیصل آباد میں سب سے کم 13.23 فیصد رہا۔

پنجاب اسمبلی کے حلقوں میں پی پی 269 مظفرگڑھ میں 50.82 فیصد، پی پی 98 فیصل آباد میں 36.82 فیصد، پی پی 73 سرگودھا میں 34.45 فیصد، پی پی 87 میانوالی میں 27 فیصد، پی پی 116 فیصل آباد میں 22.94 فیصد جبکہ پی پی 203 ساہیوال میں 22.4 فیصد ووٹر ٹرن آؤٹ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب پشاور ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل خان آفریدی اور این اے-18 کے امیدوار شہر ناز کی جانب سے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری طلبی نوٹس کے خلاف دائر کی گئی درخواستیں خارج کر دی ہیں۔

عدالت نے محفوظ فیصلہ سنانے کے بعد دونوں درخواستوں کو مسترد کر دیا۔

پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس ارشد علی کی سربراہی میں سماعت ہوئی، دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

سماعت میں وکلاء کے ذریعے وزیر اعلیٰ اور امیدوار کی نمائندگی کی گئی جبکہ پراسیکیوٹر کی جانب سے دلائل دیے گئے۔

درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کے نوٹس میں الزام لگایا گیا کہ وزیر اعلیٰ نے دھمکانہ الفاظ استعمال کیے اور اس طرح 234 الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی کی گئی۔

وکیل نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کے نوٹس کو معطل کیا جائے تاکہ ان کے خلاف حتمی کارروائی سے روک لگائی جا سکے۔

جسٹس وقار احمد نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے خلاف الیکشن کمیشن نے ابھی کوئی کارروائی نہیں کی۔ جب آپ نے الیکشن کمیشن کی پروسیڈنگ جوائن کر لی ہے تو انتظار کریں۔

جسٹس ارشد علی نے مزید کہا کہ جب الیکشن کمیشن کوئی ایڈورس ایکشن کرے، تب ہمارے پاس آئیں۔ آپ خود مسائل پیدا کر رہے ہیں۔

Scroll to Top