خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں تین اہلکار شہید ہو گئے۔
پولیس کے مطابق تھانہ سٹی کے علاقے قاضی تالاب چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی جانب حملہ رات گئے کیا گیا ۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایل ایچ سی وحید شاہ اور کانسٹیبل عبدالصمد سمیت تین اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئےجبکہ دو اہلکار زخمی ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں : شمالی وزیرستان ،دتہ خیل خودکش حملے کے دو سہولت کار گرفتار
ڈی پی او ہنگو خانزیب مہمند نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کی جوابی کارروائی کے بعد حملہ آور اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو جائے وقوعہ پر اضافی نفری بھیجنے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی۔
یہ بھی پڑھیں : سرزمین کا تحفظ اور قومی سالمیت اولین ترجیح ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، فیلڈ مارشل
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور اس طرح کے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے متزلزل نہیں کر سکتے۔
انہوں نے واضح کیا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور ذمہ دار عناصر کو ہر حال میں کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ سہیل آفریدی نے شہداء کے لیے دعا اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔





