علیمہ خان نے عمر ایوب کو ہٹا کر سلمان اکرم راجہ کو اہم عہدہ دیا، شیر افضل مروت

اسلام آباد :(پختون دیجیٹل) رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ عمران خان کی بہن علیمہ خان نے پی ٹی آئی کے اندر اہم تبدیلیوں کے لیے اثر و رسوخ استعمال کیا، جس کے نتیجے میں عمر ایوب کو ہٹایا گیا اور سلمان اکرم راجہ کو پارٹی میں لایا گیا۔

شیر افضل مروت نےنجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں انتظامی امور کو بہتر کرنے کے بجائے من پسند افراد کو پارٹی میں لایا گیا۔

ان کے بقول اس وجہ سے پارٹی میں احتجاج کی طاقت کم ہو گئی اور حکومت اب پی ٹی آئی کو پہلے کی طرح فعال نہیں سمجھتی۔

انہوں نے کہا کہ پہلے جب پی ٹی آئی احتجاج کے لیے نکلتی تھی تو حکومت مذاکرات کے لیے تیار ہو جاتی تھی، لیکن اب ایسا نہیں ہے۔

شیر افضل مروت نے الزام لگایا کہ علیمہ خان نے پارٹی کے اہم رہنماؤں کو سائیڈ لائن کر دیا، جن میں شبلی فراز بھی شامل ہیں، تاکہ اپنے پسندیدہ افراد کو اہم عہدوں پر تعینات کیا جا سکے۔

رکن قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ اڈیالہ جیل کے باہر بہت سے لوگ صرف تصویر میں اپنی موجودگی دکھانے کے لیے آتے ہیں، جس سے پارٹی کی اصل احتجاجی طاقت متاثر ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے آئندہ ماہ پشاور میں جلسے کا اعلان کر دیا

شیر افضل مروت کے مطابق پارٹی میں یہ اندرونی تبدیلیاں علیمہ خان کے اثر و رسوخ کی بدولت ہوئی ہیں، جس نے عمران خان کے قریبی حلقے کے بعض افراد کو پارٹی میں اہم مواقع دینے کے لیے عمر ایوب کو ہٹایا اور سلمان اکرم راجہ کو لایا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے پارٹی کے اندر اختلافات پیدا ہوئے ہیں اور احتجاجی سیاست پر بھی اثر پڑا ہے، جبکہ پارٹی کے حقیقی کارکن اور وفادار رہنما ماضی کی طرح با اثر نہیں رہ سکے۔

Scroll to Top