پشاور: حسن خیل میں 24 انچ گیس پائپ لائن دھماکے سے متاثر، گیس کی فراہمی معطل

شاہد جان
پشاور: پشاور کے علاقے حسن خیل میں گیس پائپ لائن میں دھماکے کے باعث 24 انچ کی مرکزی پائپ لائن میں آگ لگ گئی، جس سے پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان اور سوات میں گیس کی سپلائی متاثر ہو گئی ہے۔

جنرل منیجر سوئی ناردرن گیس وقاص شنواری نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ یہ دھماکا کرک سے نوشہرہ جانے والی مرکزی گیس پائپ لائن میں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ گیس کی سپلائی بند کرنے کے لیے متعلقہ ٹیمیں فوری طور پر علاقے میں روانہ کر دی گئی ہیں۔دھماکے کی نوعیت کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید نے کہا کہ علاقے کے لوگوں کو آگ سے دور رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے اور سوئی گیس حکام کو فوری طور پر گیس کی سپلائی بند کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے میں دہشت گردی کے ممکنہ عنصر کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : علیمہ خان نے عمر ایوب کو ہٹا کر سلمان اکرم راجہ کو اہم عہدہ دیا، شیر افضل مروت

لوکل ذرائع کے مطابق جنوبی اضلاع سے آنے والی مرکزی پائپ لائن کی یہ ہنگامی صورتحال پشاور، مردان اور سوات میں گیس کی فراہمی میں مشکلات پیدا کر رہی ہے، جبکہ سی این جی اسٹیشنز کو عارضی طور پر گیس کی فراہمی بند کر دی گئی ہے۔

سوئی ناردرن گیس حکام نے اعلان کیا ہے کہ صارفین کو دن میں تین وقت گیس فراہم کی جائے گی اور مرمت کا کام ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے۔

Scroll to Top