شیراز احمد شیراز
اسلام آباد: قومی اسمبلی کا اجلاس آج صبح 11 بجے اسلام آباد میں طلب کیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا ہے، جس میں متعدد اہم معاملات زیر غور آئیں گے۔
ایجنڈے کے مطابق کراچی میں بنگالی باشندوں کو غیر قانونی شناختی کارڈ جاری کرنے کے مسئلے پر وزیر داخلہ کی توجہ مبذول کرائی جائے گی۔
اس کے علاوہ انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن ایکٹ میں ترمیم کا بل بھی ایوان میں پیش کیا جائے گا۔
جنرل اسٹیٹسٹکس ری آرگنائزیشن ایکٹ 2011 میں ترمیم کا بل، فیڈرل پراسیکیوشن سروس ایکٹ میں ترامیم کا بل اور نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس ایکٹ میں اہم ترامیم کا بل بھی آج قومی اسمبلی میں زیر غور آئیں گے۔
فیڈرل پراسیکیوشن سروس ایکٹ میں ترمیم کا بل فوری غور کے لیے پیش کیا جائے گا تاکہ عدالتی اور پراسیکیوشن سروس کے معاملات میں اصلاحات کی جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں : ہنگو دورہ، جو بھی امن و امان خراب کرے گا اسے انجام تک پہنچائیں گے، آئی جی خیبرپختونخوا
اجلاس کے دوران وزیر داخلہ کی توجہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی لہر کی جانب مبذول کرائی جائے گی، تاکہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں ان قانونی ترامیم اور حساس امور پر بحث سے ملک میں قانون سازی کے عمل اور انسانی حقوق کے تحفظ کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔





