بہادر سپوتوں نے فتنہ الخوارج کے عزائم خاک میں ملا دیے، محسن نقوی

ڈیرہ اسماعیل خان: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیر داخلہ نے 22 خوارجیوں کے خاتمے پر فورسز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بہادر سپوتوں نے ایک بار پھر فتنہ الخوارج کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ خوارجیوں کو ملک کے کسی بھی حصے میں چھپنے نہیں دیا جائے گا اور خیبرپختونخوا میں قیام امن کے لیے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ امن دشمن عناصر کے مکمل خاتمے تک یہ آپریشنز جاری رہیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ قوم کی بھرپور حمایت سے پاکستان سے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے سکیورٹی فورسز کے عزم، قربانیوں اور عرق ریزی کو قوم کے لیے قابلِ فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ قربانیاں ملک کی سلامتی اور عوام کے تحفظ کی ضمانت ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ڈیرہ اسماعیل خان میں کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین، فیصل کریم کنڈی

جبکہ دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا نے بھی اس کامیاب کاروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، اور کہا کہ سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائی کے دوران 22 دہشتگرد ہلاک کر دیے۔

اس آپریشن میں فورسز کی پیشہ ورانہ حکمت عملی اور بہادری قابلِ تعریف قرار دی گئی ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اس کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے پاک فوج کی بہادری اور پختہ عزم قابلِ سلام ہے۔

گورنر کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے خیبرپختونخوا کے عوام اپنی مسلح افواج کے ساتھ متحد ہیں اور ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔

Scroll to Top