خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں لوکل گورنمنٹ کمیشن کی باقاعدہ تشکیل دے دی ہے۔
محکمہ بلدیات نے جاری اعلامیہ میں کہا ہے کہ کمیشن کی تشکیل خیبر پختونخوا لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے تحت عمل میں لائی گئی ہے اور یہ فوری طور پر اپنے اختیارات و ذمہ داریاں سنبھال لے گا۔
اعلامیہ کے مطابق کمیشن کے چیئرمین کے طور پر وزیر بلدیات و دیہی ترقی مینا خان آفریدی تعینات ہوں گے جبکہ سیکرٹری کمیشن کے طور پر ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ اینڈ آر ڈی ڈی ذمہ دار ہوں گے۔
کمیشن میں دیگر ممبران کے طور پر ایم پی اے محمد ادریس، احمد کنڈی شامل ہیں، ٹیکنوکریٹس کے طور پر حافظ الرحمان اور عائشہ بانو بھی کمیشن کا حصہ ہوں گے۔
سیکرٹری لاء، پارلیمانی امور و انسانی حقوق، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، الیکشنز اینڈ آر ڈی ڈی کے نمائندے بھی کمیشن میں شامل ہیں، فنانس ڈیپارٹمنٹ کا نمائندہ بھی اس کمیشن کا حصہ ہوگا۔
اعلامیہ کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل لوکل گورنمنٹ کمیشن کو سیکرٹریٹ سپورٹ فراہم کرے گا اور کمیشن صوبے میں بلدیاتی اداروں کی نگرانی، شفافیت اور احتساب کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے کام کرے گا۔
اس اقدام کا مقصد بلدیاتی اداروں میں شفاف طرز حکمرانی، بہتر کارکردگی اور عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کے مضبوط اتحادی ہیں، اپوزیشن بینچوں پر جانے کا ارادہ نہیں، گورنر خیبر پختونخوا
کمیشن کی تشکیل سے صوبے میں بلدیاتی اداروں کے نظام کی مضبوطی، مالی اور انتظامی احتساب، اور پالیسی سازی میں شفافیت بڑھانے میں مدد ملے گی۔
حکام نے شہریوں کو یقین دلایا ہے کہ کمیشن کی سرگرمیوں سے بلدیاتی ادارے زیادہ مؤثر اور جوابدہ بنیں گے جس سے عوام کی فلاح و بہبود میں بہتری آئے گی۔





