شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں پاک فوج کے زیرِ انتظام ملک و مشران اور قبائلی عمائدین کا ایک اہم جرگہ منعقد ہوا۔
جرگے میں علاقے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، انسداد دہشتگردی کے اقدامات اور فلاحی سرگرمیوں پر تفصیلی گفت و شنید کی گئی۔
جرگے میں شرکت کرنے والے عمائدین کا استقبال جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) میرانشاہ نے کیا۔
انہوں نے قبائلی رہنماؤں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ قیامِ امن میں قبائلی مشران نے ہمیشہ نمایاں اور مثبت کردار ادا کیا ہے جس کی وجہ سے علاقے میں امن و استحکام ممکن ہوا۔
جی او سی نے اپنے خطاب میں کہا کہ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ عوام، سول انتظامیہ اور پاک فوج کے باہمی تعاون سے ہی ممکن ہے۔
جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) میرانشاہ نے زور دیا کہ ریاستی ادارے علاقے میں دیرپا امن اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
جرگے میں قبائلی عمائدین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے تجاویز پیش کیں۔
یہ بھی پڑھیں: قلعہ بالاحصار میں قبائلی عمائدین کا جرگہ، خیبر میں دیرپا امن کیلئے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق
مشران نے دہشتگردی کے خاتمے، نوجوانوں کے لیے بہتر مواقع اور فلاحی کاموں کے تسلسل پر زور دیا، انہوں نے ریاستی اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کا یقین بھی دلایا۔
اجلاس کے اختتام پر شمالی وزیرستان اور پورے ملک کے امن، یکجہتی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔





