خیبرپختونخوا کے تعلیمی اداروں میں سردی کے باعث نئے اوقات کار جاری

خیبرپختونخوا میں سرد موسم اور دھند کی شدت کے پیشِ نظر صوبائی حکومت نے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے لیے نیا اوقات کار جاری کر دیا ہے۔

نئے شیڈول کے مطابق مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور صوابی کے سکول صبح 9 بجے کھلیں گے۔

شیڈول کے مطابق کلاسوں کے دورانیے کو 5 منٹ کم کیا جا سکے گا تاکہ طلبہ کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دھند کے خاتمے تک یہ نیا ٹائم ٹیبل نافذ العمل رہے گا اور تمام سکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس پر سختی سے عمل کریں۔

ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ نے نوٹیفکیشن تمام متعلقہ اضلاع کو ارسال کر دیا ہے اور سکول سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عمل درآمد یقینی بنائیں۔

یہ فیصلہ طلبہ کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ سرد موسم اور دھند کے دوران تعلیمی سرگرمیاں محفوظ طریقے سے جاری رہ سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: بارشوں کا سلسلہ کب سے شروع ہونیوالا ہے؟ محکمہ موسمیات نے شدید سردی کی پیشگوئی کر دی

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے بیشتر حصوں میں آئندہ دنوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، شمالی اور پہاڑی علاقوں میں صبح و شام شدید ٹھنڈ کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان کے اضلاع میں درجۂ حرارت مزید گرنے کا امکان ہے، اور کئی مقامات پر راتیں خاصی سرد رہیں گی۔

پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں، بالخصوص اسلام آباد اور گردونواح میں صبح و شام دھند یا اسموگ چھانے کا امکان ہے جس کی شدت آنے والے دنوں میں بڑھ سکتی ہے۔

پشاور، صوابی، مردان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی علی الصباح دھند پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دسمبر کے آغاز میں بلوچستان میں خشک سالی کی صورتحال میں واضح بہتری آنے کا امکان ہے۔

ادارے نے یہ بھی بتایا ہے کہ صوبے کے بالائی علاقوں میں برف باری کی پیشگوئی ہے جو موسم کو مزید سرد کر دے گی اور پہاڑی علاقوں میں ٹریفک اور روزمرہ زندگی پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔

 ماہرین نے شہریوں کو ماسک کے استعمال، غیر ضروری باہر نہ نکلنے اور صبح کے اوقات میں سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔

Scroll to Top