بابوسر ٹاپ ٹریفک کے لیے غیر معینہ مدت تک بند

بابوسر ٹاپ کو رواں سیاحتی سیزن کے اختتام پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

بالاکوٹ اور دیامر انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ بابوسر ٹاپ کو رواں سیاحتی سیزن کے اختتام پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر دیامر کے مطابق علاقے میں شدید برفباری کے باعث راستہ بند کرنا ناگزیر ہو گیا تھا۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ گلگت جانے والے سیاح اور مسافر اب بابوسر ٹاپ کے بجائے صرف شاہراہِ قراقرم کے ذریعے سفر کر سکیں گے۔

برفباری کے بعد دونوں اطراف سے سیکیورٹی اہلکاروں کو بھی واپس بلا لیا گیا ہے جبکہ صفائی کا انتظام بھی ممکن نہیں رہا۔

انتظامیہ کے مطابق وادیٔ کاغان آنے والے سیاح اب بٹہ کنڈی تک سفر کر سکتے ہیں، سیاحوں کے لیے ناران، کاغان اور بٹہ کنڈی تک سفر کی اجازت صرف دن کی روشنی میں دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سفر کرنیوالے محتاط رہیں! چلاس،بابوسر،ناران روڈ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند، وجہ کیا بنی؟ جانیے

انتظامیہ نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ روانگی سے قبل موسم کی صورتحال سے ضرور باخبر رہیں اور متبادل راستوں کا استعمال کریں۔

Scroll to Top