پاکستان نیوی کے جہاز پی این ایس سیف نے سری لنکا میں سائیکلون ڈِٹوَاہ اور طوفانی بارشوں سے شدید متاثر ہونے والی آبادی کیلئے ہنگامی امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
کولمبو پہنچتے ہی پاکستانی بحری جہاز نے مقامی حکام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کیلئے امدادی سامان حوالے کیا۔
ترجمان کے مطابق امدادی پیکج میں غذائی اجناس، ایم آر ایز، خشک راشن، فرسٹ ایڈ کٹس، ادویات اور دیگر ضروری سامان شامل ہے، جس کا مقصد متاثرہ خاندانوں کی فوری ضرورتیں پوری کرنا ہے۔
پاکستان نیوی کی امدادی سرگرمیاں سری لنکن حکام کی جاری ریلیف آپریشنز کو مؤثر انداز میں تقویت فراہم کر رہی ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ مشترکہ کوششیں تباہ کن موسم کے اثرات کم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
پاکستان نیوی نے یقین دہانی کروائی ہے کہ صورتحال کے مطابق مزید امداد بھی فراہم کی جائے گی تاکہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے۔
پی این ایس سیف کی جانب سے فوری امداد کو دوست ممالک کے ساتھ یکجہتی، علاقائی استحکام اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کی ادائیگی کا عملی مظاہرہ قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سری لنکا میں سائیکلون ڈِٹواہ نے تباہی مچادی، اموات 123 تک جا پہنچی
واضح رہے سری لنکا میں سائیکلون ڈِٹواہ کی تباہ کاریاں بڑھتی جا رہی ہیں، اور ڈیزاسٹر مینیجمنٹ سینٹر کے مطابق ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 123 تک جا پہنچی ہے جبکہ 130 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
سری لنکا کی تاریخ کے بدترین موسمی بحرانوں میں سے ایک اس طوفان نے سب سے زیادہ جانی نقصان کینڈی ڈسٹرکٹ میں پہنچایا جہاں 51 ہلاکتیں اور 67 افراد لاپتہ ہیں۔
بدولا میں 35 ہلاکتوں اور 27 لاپتہ افراد کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ کیگالے، ماتلے، نوارا ایلیا اور امپارا میں بھی بڑی تعداد میں اموات رپورٹ ہوئیں۔





