بانی کی بہنیں بھارتی چینلز پر، عطا تارڑ نے پی ٹی آئی پر دشمن قوتوں کے ساتھ سازش کے الزامات عائد کر دیے

بانی کی بہنیں بھارتی چینلز پر پاکستان کے خلاف بیانیہ، عطا تارڑ نے پی ٹی آئی پر دشمن قوتوں کے ساتھ سازش کے الزامات عائد کر دیے

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے تحریک انصاف اور خیبرپختونخوا حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پی ٹی آئی ملک دشمن عناصر کے ساتھ سازش میں ملوث ہے اور اس کے ذریعے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ بانی کی بہنیں بھارتی چینلز پر جا کر پاکستان کے خلاف منفی بیانیہ پھیلا رہی ہیں، اور انہوں نے بھارتی جہاز گرانے جیسے اہم قومی دفاعی معاملات پر کبھی بات نہیں کی، جو باعث شرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ پاکستان کی توجہ قومی سکیورٹی اور دفاعی امور سے ہٹ جائے، اور 9 مئی کے منصوبے کے ذریعے فوج کو اندرونی طور پر کمزور کرنے کی کوشش کی گئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کو گرفتار کیا جاتا ہے، لیکن صوبائی حکومت کے پاس ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی صلاحیت موجود نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پورے صوبے میں نان کسٹم پیڈ گاڑیاں آزادانہ طور پر چل رہی ہیں اور ان گاڑیوں سمیت دیگر غیر قانونی سرگرمیوں سے حاصل ہونے والا پیسہ دہشتگردوں تک پہنچ رہا ہے، جو ملک کے لیے شدید خطرہ ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ افغان حکومت کی کمزوریوں کے باعث سرحدی دراندازی میں اضافہ ہوا ہے، مگر اس کے باوجود خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی صفر ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ شہباز شریف ملک میں اصلاحات کر رہے ہیں، لیکن صوبائی حکومت مختلف مافیاز کو تحفظ فراہم کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں پھیلائی جانے والی افواہیں ایک منظم سازش کا حصہ ہیں جس کا مقصد قومی اداروں کو کمزور کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہا ہے، مگر صوبائی حکومت کی ناکام پالیسیاں صورتحال کو مزید سنگین بنا رہی ہیں۔

عطا تارڑ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قومی سلامتی کے معاملات پر سیاست نہیں ہونی چاہیے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب کو متحد ہو کر اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ پاکستان محفوظ رہ سکے۔

Scroll to Top