خشک سردی کو شکست، ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے
تفصیلات کے مطابق پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے آئندہ دنوں کے لیے اہم موسمی پیشگوئی جاری کی ہے جس کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں سرد و خشک موسم کا سلسلہ ختم ہو کر بارشیں اور برفباری شروع ہو سکتی ہیں، جس سے موسم میں نرمی آئے گی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی ریکارڈ کی گئی۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے چند اضلاع میں دھند کی صورت حال بھی دیکھی گئی، جبکہ شمالی علاقے سکردو میں کم از کم درجہ حرارت منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
پی ایم ڈی کے مطابق 5 دسمبر سے ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے، خاص طور پر پہاڑی علاقے جیسے شمالی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، بلوچستان، اور وسطی و شمالی پنجاب و خیبرپختونخوا میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
مزید برآں، 6 سے 10 دسمبر کے دوران مغربی ہواؤں (Western Disturbances) کا طاقتور سلسلہ ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین کے مطابق یہ ہوائیں اور بخیرہ عرب سے نمی کا بہاؤ بارش اور برفباری کا سبب بنیں گے، جس سے موسم میں واضح تبدیلی رونما ہوگی۔
ماہرین نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں بارش یا برفباری کے دوران سڑکوں کی پھسلن، لینڈ سلائیڈنگ اور آمد و رفت میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ میدانی اور ہموار علاقوں میں دھند اور سموگ کے امکانات بھی رہیں گے، جو سفر اور عوام کی روزمرہ زندگی پر اثر ڈال سکتے ہیں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسمی صورتحال پر نظر رکھیں اور بارش یا برفباری کے دوران احتیاطی اقدامات اختیار کریں۔ خصوصاً بزرگ، بچے اور بیمار افراد کو سردی اور دھند کے دنوں میں غیر ضروری طور پر باہر نہ جانے دینے کی تاکید کی گئی ہے۔





