صوابی میں گاڑی پر فائرنگ، ماموں اور بھانجا جاں بحق

صوابی میں بوقو چوک کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔

عینی شاہدین اور ابتدائی پولیس معلومات کے مطابق فائرنگ کے باعث یعقوب اور ان کے بھانجے روح الامین موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 صوابی کی میڈیکل ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور دونوں لاشوں کو ضروری کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال صوابی منتقل کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: صوابی میں فائرنگ سےمیاں ،بیوں اور بیٹا جاں بحق، بیٹی زخمی

پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

واضح رہے 11 نومبر کو صوابی کے علاقے مانیری میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق جبکہ ایک بچی زخمی ہوگئی تھی۔

پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں 40 سالہ نادر خان، ان کی 35 سالہ اہلیہ اور دو سالہ بیٹا محمد حنظلہ شامل ہیں، جب کہ پانچ سالہ بیٹی دعا نور فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہوئی۔

ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقتولین سسرال سے واپس اپنے گھر جا رہے تھے کہ نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کر دی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں اور زخمی بچی کو ڈی ایچ کیو اسپتال صوابی منتقل کیا گیا۔

Scroll to Top