ضلع کرم میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ ناکام، 4 دہشتگرد مارے گئے

ضلع کرم : ضلع کرم کے وسطی علاقے چنارک میں فتنۂ خوارج نے پولیس پوسٹ پر خودکار اسلحے سے حملہ کیا جسے پولیس فورس نے بروقت اور بہادری سے ناکام بنا دیا۔

حملے کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں پولیس کے دو جوان واحد خان اور فضل رحمان جامِ شہادت نوش کر گئے۔

آر پی او کوہاٹ عباس مجید مروت کے مطابق دہشت گردوں نے اچانک حملہ کیا، تاہم پولیس اہلکاروں نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے خوارج کے چار دہشت گردوں کو ہلاک اور چھ کو زخمی کردیا۔

فورس کی مؤثر حکمتِ عملی کی بدولت دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنا دیے گئے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملہ ناکام بنانے پر پولیس کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ قوم اپنے بہادر پولیس جوانوں کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے اور ان کی لازوال خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردانہ منصوبے کو ناکام بنا دیا

جبکہ دوسری جانب بلوچستان کے شہر نوکانڈی میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر فتنہِ ہندستان کے دہشت گردانہ حملے کو سیکیورٹی فورسز نے کامیابی سے ناکام بنا دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ایک خودکش بمبار نے مین گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا دیا تاہم کوئیک ری ایکشن فورس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس کے ساتھ آنے والے تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن ابھی جاری ہے اور باقی ماندہ دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی۔

دروازے کے سامنے ایک دہشت گرد کی لاش اور اس کا ہتھیار بھی ضبط کر لیا گیا جو داخلی راستے سے داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔

Scroll to Top