ملک کا سب سے بڑا افغان مہاجر کیمپ خالی، 70 ہزار مہاجرین واپس افغانستان روانہ، گھروں کی مسماری شروع
تفصیلات کے مطابق ملک کے سب سے بڑے افغان مہاجرین کیمپ گردی جنگل کو مکمل طور پر خالی کر دیا گیا ہے، اور انتظامیہ نے کیمپ میں موجود گھروں اور دکانوں کی مسماری کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور دالبندین رائفل کی مشترکہ کارروائیوں کے دوران کیمپ میں موجود تمام مہاجرین کو رجسٹریشن کے بعد افغانستان واپس روانہ کیا گیا۔ فوٹیج میں دیکھا گیا کہ کیمپ کے خالی مکانات کی توڑ پھوڑ جاری ہے اور انتظامیہ باقاعدہ دستاویزی کارروائی کے بعد تمام اقدامات کر رہی ہے۔
گردی جنگل مہاجر کیمپ ملک کا سب سے بڑا کیمپ تھا، جس میں تقریباً 70 ہزار افغان مہاجرین رہائش پذیر تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ کیمپ سے تمام 70 ہزار افراد کو باقاعدہ دستاویزات کے ساتھ افغانستان روانہ کیا جا چکا ہے۔
مزید برآں، ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے 26 نومبر 2025 سے لجّے افغان مہاجر کیمپ میں بھی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام اقدامات ریاستی پالیسی کے مطابق کیے جا رہے ہیں اور لجّے کیمپ خالی ہونے کے بعد وہاں موجود غیر قانونی ڈھانچے بھی ہٹا دیے جائیں گے۔
یہ کارروائی افغان مہاجرین کی منظم واپسی اور کیمپ میں غیر قانونی ڈھانچوں کو ختم کرنے کے سلسلے میں ریاستی پالیسی کا حصہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف آج برطانیہ سے وطن واپس پہنچیں گے





