غذر اور گردونواح زلزلے سے لرز اٹھے، شہری خوفزدہ گھروں سے باہر نکل آئے
گلگت بلتستان کے ضلع غذر اور اس کے گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقامی افراد کے مطابق جھٹکے اچانک محسوس ہوئے جس کے بعد لوگ گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ زلزلے کے دوران شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے محفوظ مقامات کی جانب دوڑ پڑے۔ زلزلے کے باعث بعض علاقوں میں معمولی افرا تفری دیکھنے میں آئی، تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
محکمۂ موسمیات نے زلزلے کی شدت اور گہرائی کے بارے میں معلومات اکٹھی کرنا شروع کر دی ہیں، جبکہ ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ تمام علاقوں سے رابطہ کیا جا رہا ہے اور صورتحال مکمل طور پر معمول کے مطابق ہے۔
غذر اور اس کے مضافات میں پہلے بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے رہے ہیں، تاہم حالیہ جھٹکوں نے سرد موسم کے باوجود شہریوں کو خوفزدہ کر دیا۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو آگاہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں: گورنر راج کوئی نئی بات نہیں، وزیراعلیٰ کو مرعوب کرنے کی کوشش





