اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیل میں ہونے والی ملاقاتیں صرف قانونی مشاورت کے لیے ہوتی ہیں، ان کا مقصد ریاستی اداروں کو بدنام کرنا یا ان کے خلاف سازشیں تیار کرنا نہیں ہوتا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جیل ملاقات کو شہدا کی تضحیک یا کسی ادارے کے خلاف مہم چلانے کے لیے استعمال کرنا قابلِ قبول نہیں، ایسے غیرقانونی مطالبات کبھی پورے نہیں کیے جائیں گے۔
اپنے خطاب میں عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے دور میں سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ بانی پی ٹی آئی بیرونِ ملک جا کر اس بات پر فخر کرتے رہے کہ انہوں نے مخالفین کی جیل میں سہولیات ختم کیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف اور بے نظیر بھٹو نے ملک میں سیاسی استحکام کے لیے میثاقِ جمہوریت پر دستخط کیے، جس کے نتیجے میں سیاسی عمل دوبارہ بحال ہوا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے اپنی غلطیوں سے سیکھا ہے، لیکن بدقسمتی سے بعض عناصر سوشل میڈیا پر آج بھی اداروں کے خلاف منفی مہم چلا رہے ہیں۔





