عظمی خان کوعمران خان سے ملاقات کی اجازت مل گئی

راولپنڈی کے اڈیالہ جیل حکام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے ان کی بہن عظمٰی خانم کی ملاقات کی اجازت دے دی۔

عظمٰی خانم اپنے بھائی سے ملاقات کے لیے جیل کے اندر چلی گئی۔

واضح رہے کہ آج عمران خان سے وکلا اور اہل خانہ کی ملاقات کا دن ہے۔ اڈیالہ جیل کے گرد و نواح اور دیگر حساس مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے، جبکہ گورکھپور بائی گل اور ملحقہ علاقوں کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں چھٹی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : دیر بالا کے جنگلات میں ایک ماہ سے آگ، انتظامیہ اور منتخب نمائندے خاموش،متاثرین کا الزام

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی قیادت میں چھ رکنی وکلاء کی ٹیم بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے آج جیل پہنچی۔ اس دوران علیمہ خانم اور پارٹی قیادت نے ملاقات تک احتجاج اور دھرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

آج پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر بھی مظاہرہ کیا اور سابق وزیر اعظم کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ پی ٹی آئی کے ارکان پارلیمنٹ مشترکہ اجلاس سے احتجاجاً باہر نکل آئے اور پارلیمنٹ ہاؤس سے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب روانہ ہوئے۔

چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان سے فیملی اور وکلا کی ملاقات کروائی جائے، عدالتی احکامات موجود ہیں لیکن پھر بھی ان سے ملاقات نہیں کروائی جا رہی، ان کے کیسز نہیں لگائے جا رہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج نہیں لگے گا صوبہ آئین اور قانون کے مطابق چلے گا، ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے ایک دوسرے کو برداشت کرو اور اسپیس دو، آگے کا راستہ یہ ہی ہے کہ عمران خان سے ملاقات کروائی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کا نقصان ہو رہا ہے ہم اس ایوان کے محافظ ہیں، سیاست کو اپنے مفادات کیلیے استعمال نہ کریں، ہم مذاکرات کیلیے تیار تھے لیکن حکومت پیچھے ہٹ گئی۔

Scroll to Top