سیکیورٹی فوسز نے شمالی وزیرستان میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ تنظیم “الخوارج” کے سات دہشت گردہلاک کردیئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے میر علی کےعلاقے میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا۔
کارروائی کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد چھ خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں : بنوں خودکش حملے کے شہداء کی نماز جنازہ ادا،وزیراعلی اوروزراءغائب
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ایک اور انٹیلی جنس آپریشن اسپن وام تحصیل میں کیا گیاجہاں فائرنگ کے تبادلے میں مزید ایک خوارج دہشت گرد مارا گیا۔
کارروائیوں کے دوران ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بے گناہ شہریوں کے خلاف متعدد حملوں میں ملوث تھے۔
علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں تاکہ کسی بھی دیگر خوارج عنصر کو بھی ختم کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کی روشنی میں “عزمِ استحکام” کے تحت دہشت گردی کے خلاف مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی ،پاکستان سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔





