ٹويوٹا کافورچیونر کی قیمتوں میں تاریخ کی سب سے بڑی کمی کا اعلان

ٹویوٹا پاکستان نےملک میں اپنی 35 سالہ خدمات کا سنگِ میل عبور کرنے کی خوشی میں اپنی مقبول فلیگ شپ ایس یو وی فورچیونر کی ایکس فیکٹری قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ رعایت محدود مدت کے لیے ہے جو خریداروں کو غیر معمولی کم قیمت پر گاڑی حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں : پیٹرول یا الیکٹرک؟ مستقبل میں کون سی گاڑی سستی رہے گی؟

ٹویوٹا کی نئی پروموشنل مہم “Built to be Unbeatable” کے تحت فورچیونر کے معروف ماڈلز کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کی گئی ہے۔

فورچیونر جی کے نرخوں میں 25 لاکھ چار ہزار روپے کی کمی کے بعد اس ماڈل کی نئی قیمت ایک کروڑ 24 لاکھ 35 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جو اس سے قبل ایک کروڑ 49 لاکھ 39 ہزار روپے تھی۔

اسی طرح فورچیونر وی کی قیمت میں 25 لاکھ 74 ہزار روپے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس ماڈل کی نئی قیمت ایک کروڑ 49 لاکھ 35 ہزار روپے ہو گئی ہے جبکہ یہ پہلے ایک کروڑ 75 لاکھ 9 ہزار روپے میں فروخت ہو رہی تھی۔

کمپنی کے مطابق تمام قیمتیں ایکس فیکٹری کراچی کے مطابق ہیں اور ان پر متعلقہ شرائط و ضوابط کا اطلاق ہوگا۔

فورچیونر جی اور فورچیونر وی کی قیمتوں میں 25 لاکھ روپے سے زائد کمی کو پاکستان کی آٹو انڈسٹری میں ایک غیر معمولی قدم قرار دیا جا رہا ہے خاص طور پر ایسے ماحول میں جب گاڑیوں کی طلب مہنگائی، مہنگی فنانسنگ اور کمزور روپے کے باعث پہلے ہی دباؤ میں ہے۔

Scroll to Top