بنوں واقعہ: شہید اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی خان کون تھے؟

پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشتگردوں کے حملے میں جاں بحق ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر میران شاہ شمالی وزیرستان شاہ ولی خان کی نمازِ جنازہ بنوں کینٹ میں ادا کردی گئی۔

نمازِ جنازہ میں چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا، آئی جی پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد میتیں اُن کے آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں۔

حملہ کہاں ہوا اور اب تک کی پیش رفت؟

بنوں پولیس کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کو بنوںمیران شاہ روڈ پر نشانہ بنایا گیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ پہلے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی، جس کے بعد گاڑی کو آگ لگا دی گئی۔

حملے کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر میران شاہ شاہ ولی خان، ان کے دو پولیس محافظ اور ایک شہری شہید ہوگئے، جبکہ دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد نامعلوم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ابتدائی تفتیش میں سامنے آیا کہ دہشتگردوں نے گھات لگا کر سرکاری افسر کی گاڑی پر حملہ کیا۔

علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاہم اب تک کسی گرفتاری کی تصدیق نہیں ہوئی۔

دہشتگردوں کے حملے کا نشانہ بننے والے شاہ ولی کون تھے؟

منگل کی صبح ہونے والے اس حملے میں شہید ہونے والے شاہ ولی خان خیبر پختونخوا پروفیشنل مینجمنٹ سروس کے افسر تھے اور شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں اسسٹنٹ کمشنر کے عہدے پر تعینات تھے۔ وہ اس وقت بنوں آرہے تھے جب دہشتگردوں نے حملہ کیا۔

شاہ ولی خان نے 2020 میں مقابلے کا امتحان پاس کرکے سروس جوائن کی۔ وہ مختلف اضلاع میں تعینات رہے اور 2024 سے شمالی وزیرستان میں خدمات سرانجام دے رہے تھے۔

ان کا تعلق جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا سے تھا اور وہ ایک بیٹے کے والد تھے۔

ہم ایک فرض شناس افسر سے محروم ہوگئے

ضلعی انتظامیہ شمالی وزیرستان نے اے سی میران شاہ پر حملے اور شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہم پروونشل مینجمنٹ سروس خیبرپختونخوا کے قابل اور فرض شناس افسر اسسٹنٹ کمشنر میران شاہ شاہ ولی خان (شہید) کی اپنے دو باڈی گارڈز سمیت المناک شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔

وہ دوران ڈیوٹی بنوں میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کا نشانہ بنے اور پولیس کے دو بہادر سپاہیوں سمیت شہادت کے رتبے پر فائز ہوگئے، جبکہ تین جوان فرض کی ادائیگی کے دوران زخمی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں : بنوں، اسسٹنٹ کمشنر کے قافلے پر حملہ، 4 افراد شہید، 3 زخمی، حملہ آوروں نے پولیس کا اسلحہ چھین لیا

بیان میں مزید کہا گیا کہ شاہ ولی خان ایک باصلاحیت، خوش اخلاق اور شفیق افسر تھے۔

انہوں نے ہمیشہ دیانت داری، سادگی، خلوص اور بہترین نظم و ضبط کے ساتھ عوامی خدمت کو ترجیح دی۔

اسسٹنٹ کمشنر میران شاہ کی حیثیت سے انہوں نے امن و امان، عوامی سہولت اور انتظامی بہتری کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات اور فرض شناسی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

Scroll to Top